کاروار ،12 / جولائی (ایس او نیوز) شہر کے کورٹ روڈ پر واقع ایک بیکری میں دئے گئے پیپر پلیٹوں پر قرآنی آیات نظر آنے کے بعد مسلمانوں نے اس پر اعتراض جتاتے ہوئے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ بیکری مالک نے چینائی سے یہ کاغذ کے پلیٹس منگوائے تھے اور اپنا مال ان پلیٹوں میں رکھ کر گاہکوں کو دیا تھا ۔ گاہکوں نے اسے استعمال کرنے کے بعد کچرے کے ڈبے میں پھینک دیا تھا ۔ ان پلیٹوں پر قرآنی آیات دیکھنے کے بعد مسلمانوں نے اسے قابل اعتراض اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی حرکت قرار دیتے ہوئے شہری پولیس تھانے میں شکایت درج کروائی ۔
اس کے علاوہ چند مسلم قائدین نے وقف مشاورتی بورڈ کے تعاون سے چینائی کی کمپنی کے خلاف بھی کیس درج کروایا پھر پولیس نے بیکری کے سامنے پنچ نامہ کی کارروائی بھی انجام دی ۔ اسی دوران شہر کے ڈی وائی ایس پی آفس میں مسلم قائدین کے ساتھ پیس میٹنگ منعقد کی گئی اور اس معاملے کو سنجیدگی سے لینے کا تیقن دیتے ہوئے مسلمانوں سے امن و امان بحال رکھنے کی درخواست کی گئی ۔
